لاہور( این این آئی )حکومت نے ٹی او آرز پر تحفظات دور کرنے اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن سے فی الفور بھرپور مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ملاقات کی ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو بھی ملاقات میں مدعو کر لیا جسکے بعد پانامہ لیکس کیلئے ٹی او آرز کی تشکیل ،الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہدایت کی کہ ٹی او آرز پر تحفظات دور کرنے کے لئے جلد اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے جبکہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر بھی اپوزیشن سے بھرپور مشاورت کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پارٹی امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔