اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ملک بھر میں موجودہ فنکشنل بیسڈ سسٹم کی جگہ نئے ہائبرڈ سسٹم پر عملدرآمدشروع کردیا ہے جو فنکشنل اور سرکل بیسڈ سسٹمز کا مجموعہ ہوگا۔اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے نئے سسٹم کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور یہ نظام مرحلہ وار نافذ کیا جارہا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں اس سسٹم کے تحت ملک میں تھری ٹیئر سسٹم لاگو کیا جارہا ہے اور اس نئے نظام کے تحت بڑے ادارے، کمپنیاں اور بڑے بڑے ٹیکس دہندگان کے معاملات ملک بھر میں قائم چار لارج ٹیکس پیئر یونٹس کے ذریعے نمٹائے جائیں گے جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کی کمپنیوں کے لیے ملک بھر میں آٹھ ریجنل ٹیکس آفس قائم کیے جارہے ہیں۔ان آر ٹی اوز میں کارپوریٹ سیکٹر کی صرف کمپنیوں کے معاملات دیکھے جائیں گے جبکہ تیسرے کٹیگری کے تحت نان کارپوریٹ سیکٹر کے لیے تیرہ ریجنل ٹیکس ا آفسز قائم ہوں گے جہاں ایسوسی ایشن آف پرسنز اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے معاملات دیکھے جائیں گے جبکہ ان آر ٹی اوز کے تحت ملک بھر کے 56 اضلاع میں خصوصی دفاتر قائم کیے جائیں گے جہاں مقامی سطح پر معلومات اکٹھی جائیں گی۔