راولپنڈی (آئی این پی )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حکمرانوں کے خلاف پانامہ لیکس ‘کرپشن ‘لوٹ مارکے خلاف مشترکہ جہدوجہد شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے ‘پاکستان عوامی تحریک کے لاہور سیکرٹریٹ میں قومی مجلس مشاورت 31جولائی کو ہوگی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے آئندہ کا لائحہ طے کیا جائے گا ‘حکمرانوں کے خلاف پانامہ لیکس تو کرپشن کے سمندر کا ایک قطرہ ہے ‘شریف برادران نے تو کرپشن کا نظام متعارف کرایا اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں ‘ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی کوئی دیت نہیں ہوگی ‘14کارکن شہید ہوئے ہیں تو 14قصاص ہونگے ‘پاک فوج کے علاوہ موجودہ حکومت نے تمام اداروں کو کرپشن کی دلدل میں دھنسا دیا ہے ‘نواز شریف کے علاج ‘سفری اخراجات اور رہائشی اخراجات ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے قومی خزانے میں ڈال دیئے ہیں ‘نواز شریف کے علاج پر تشہیر کی مد میں کرڑوں روپے اڑا دیئے گئے‘شریف فیملی کا بس نہیں چلتا عبدالستار ایدھی کی عطیہ کی گئی آنکھیں بھی باہر نہ جانے دیتے‘موجودہ صورتحال میں حکمران جماعت کا ساتھ دینے والے شریف فیملی کے ایجنٹ اور قوم کے غدار ہونگے ۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد لال حویلی کے باہر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کو موٹر وے چوک سے لال حویلی تک قافلے کی صورت میں لایا گیا ‘لال حویلی پہنچنے پر شیخ رشید احمد اور اہلیان راولپنڈی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔جلسہ سے قبل دونوں راہنماؤں کے مابین ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں ملکی تازہ ترین سیاسی صورتحال ‘پانامہ لیکس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور ‘عوامی مسلم لیگ کے راہنما شیخ راشد شفیق‘چوہدری اظہر کے علاوہ دونوں جماعتوں کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے علاوہ اہلیان راولپنڈی کی ایک بڑی تعداد موجود تھے ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ شیخ رشید احمد غریب ‘متوسط عوام کے لیے چوروں ‘لٹیروں ‘ ڈاکوؤ حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ 17جون سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ‘ اس سانحے سے یہ حکمران کسی صورت بچ نہیں سکیں گے ‘شہداء کے ورثاء کو حکومت پنجاب نے تین تین کرڑوروپے دینے کی کوشش کی لیکن میں شہداء کے ورثاء کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان پیسے کو ٹھکرا دیا‘ موجودہ حکومت کے وفاقی وزراء سے بھی کچھ بڑے لوگ میرے پاس آئے اور کہا کہ معاف کر دیں ‘میرے گھٹنوں کو ہاتھ لگا یا میں نے انھیں بتا یا کہ اگر میرے دو بچوں کو شہید کیا جاتا تو نسلی بات ہونے پر میں خون معاف کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہوں لیکن اپنے کارکنوں کا خون معاف کرنے کا اختیار نہیں رکھتا ‘یہ بات طے ہے کہ اس معاملے پر کوئی دیت نہیں لیں گے ‘جتنی لوگوں کو شہید کیا گیا اتنی ہی قصاص ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ ان اقتدار والوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے ‘یہ کیس ختم نہیں ہونے والا‘یہ کیس ضرور اپنے انجام کو پہنچے گا ان کرپٹ حکمرانوں کو بھی انجام تک پہنچائے گا ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی حکومت کو کرپشن کا انجینئر اور بلڈرقرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے تو پاک فوج کے علاوہ تمام اداروں میں کرپشن کی انتہا ء کر دی ۔انہوں نے کہا کہ ان کرپٹ حکمرانوں نے ملک کے اندر ایم پی ایز کو خریدنے کلچر متعارف کرایا ‘اقلیتی ایم پی اے کی قیمت 3سے 6لاکھ اور مسلمان ایم پی اے 6سے 12لاکھ قیمت مقرر کی ‘ان لوگوں نے ججز ‘بیوروکریسی کو کرپٹ ترین بنا دیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوسنا ک بات ہے کہ 48دن لندن میں قیام ‘سفری اخراجات اور میڈیکل کے اخراجات قومی خزانے میں ڈال دیئے ‘کوئی ایسا ملک ہے جس میں ایسا ہوا ہو کہ حکمران ذاتی علاج کرائیں تو اخراجات قومی خزانے میں ڈالے جائیں ‘ایسے تو بادشاہ بھی نہیں کرتے جیسے یہ شریف برادران کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے پنجاب پولیس میں مرضی کے لوگ بھرتی کر کے انھیں بھارت بھجوا ‘بتا یا جائے کہ پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کا علاج بھارت کے علاوہ ممکن نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ 31جولائی کو لاہور میں قومی مجلس مشاورت ہوگی جس میں تمام سیاسی جماعتیں ملکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس نے چور ‘لٹیرے ‘ڈاکو حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا ہے ‘اب وقت آگیا ہے کہ ان گینگ آف فائیو سے چھٹکارا حاصل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کے جنازے اور تدفی کے عمل میں پاک فوج کا حصہ اور پوری دنیا میں ایدھی کا نام لیا جانا اصل عزت اور قوم کی خدمت ہے ‘ان حکمرانوں کا تو بس نہیں چلتا وہ عبدالستار ایدھی کی آنکھیں ہی لے لیتے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 11مجاہدین شہید ہوئے ہمارے ملک میں وزیراعظم ‘وزیر خارجہ کی منہ میں زبان نہیں کہ وہ اس پر کوئی بات کریں اور احتجاج کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تمام اپوزیشن جماعتیں وقت کی نزاکت کو سمجھیں اور ملکر جدوجہد کریں تا کہ ان لٹیروں سے نجات حاصل کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کو پانامہ لیکس کے حرام خوروں سے نجات دلا کر دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران یہ بتا دیں کہ روزگار کے مواقع دیئے ‘مہنگائی کم کی ‘ کرپشن کے خلاف کسی ادارے کو مستحکم ہونے دیا ‘اس کا جواب ان حکمرانوں کے پاس نہیں ہے ‘قوم جانتی ہے کہ ان حکمرانوں نے سوائے کرپشن اور لوٹ مار کے اور کچھ نہیں کیا ۔