لاہور( این این آئی)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کل ( منگل)کے روز لندن روانہ ہوں گے جہاں وہ بریڈ فورڈ میں اسلامک سنٹر کا دورہ اور سکارٹ لینڈ یارڈمیں لیکچر دیں گے ۔جبکہ پاکستانی عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دورہ لندن کے دوران پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے کسی بھی طرح کی ملاقات کے امکان کو یکسر رد کیا ہے ۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دورہ لندن کی تصدیق کرتے ہوئے ’’ این این آئی‘‘ کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لندن اور اسکے مختلف شہروں میں7سے 8تقریبات میں شرکت کرنا تھی لیکن انہیں منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے بریڈ فورڈ میں حال ہی میں15ملین ڈالر سے مکمل ہونے والے اسلامک سنٹر کا شیڈول دورہ کرنا تھاجسکے لئے یورپین ممالک سے بہت سی شخصیات نے آنا تھا اور اس پر بہت سے اخراجات ہو چکے ہیں اس لئے اسے منسوخ کرنا ممکن نہیں تھا ۔ اسی طرح سکارٹ لینڈ یارڈ میں بھی ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک لیکچر دینا ہے اور اس کے لئے بھی کافی اخراجات کر کے تیاری اور ہال بک کرایا گیا ہے ۔ یہ پروگرام اچانک نہیں بلکہ ان کا شیڈول چھ ماہ قبل طے کیا گیا تھا اگر ان پر بھاری اخراجات نہ آئے ہوتے تو دیگر پروگراموں کی طرح انہیں بھی منسوخ کر دیا جاتا لیکن اب ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے پہلے سے لندن سے موجود عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی ملاقات کے حوالے سے سوال پر کہا کہ اس طرح کی کسی بھی ملاقات کا یکسر کوئی امکان نہیں ۔ ڈاکٹر طاہر القادری اچانک نہیں پہلے سے شیڈول پروگرام کے مطابق جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی 19یا 20جولائی کو وطن واپسی ہے اور وطن واپسی پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔