لاہور( این این آئی) ایدھی فاؤنڈیشن کے آفیشل ویب سائٹ پر عبد الستار ایدھی کی زندگی کا یادگار واقعہ بھی درج کیا گیا ہے جس کے مطابق عبد الستار ایدھی ایک رات کہیں جارہے تھے کہ راستے میں دو ڈاکوؤں نے انہیں روک لیا ۔ جب ڈاکو سب کچھ لے بیٹھے اور انہیں جانے کا کہنے لگے تو ایک ڈاکو نے انہیں شاید پہچان لیا ۔ وہ فوری اپنے ساتھیوں سے کہنے لگا ۔ ان کا سب کچھ واپس کر دو ۔ ساتھیوں نے تجسس سے پوچھا کہ کیوں کیا ہوا ؟۔ ڈاکو نے اپنے ساتھیوں کو کہا کہ بد بختو جب پولیس مقابلے میں مارے جاؤ گے ، جب تمہارے اپنے قریبی رشتہ دار بھی پہچاننے اور لاشیں لینے سے انکار کر دیں گے ، جب کوئی تمہیں چھونے کو بھی تیار نہیں ہوگا تو تب یہی آدمی انسانیت کی خاطر آگے بڑھے گا اور تمہاری تدفین کرے گا ۔ اوئے یہ عبد الستار ایدھی صاحب ہیں ۔ اور ڈاکوؤں نے لوٹا ہوا تمام سامان واپس کر دیا۔