کراچی(این این آئی) عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر ملتے ہی پوری قوم سوگوار ہو گئی اور لوگ دھاڑیں مار مار کر رونا شروع ہو گئے ہیں۔ ملک بھر میں قائم ایدھی فاؤنڈیشن کے ملازمین اور کارکنان پر عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر بجلی بن کر گری اور تمام افراد ایکد وسرے سے گلے لگ کر روتے رہے ۔ عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر ملتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی اور انکے صاحبزادے اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے رہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت عبد الستار ایدھی کی پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کر ے گی ۔ بتایاگیا ہے کہ ملک بھر سے اعلیٰ شخصیات کے علاوہ عوام کے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچیں گے جس کے لئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔