اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک وقت تھا جب عید کی آمد پر عید کارڈز بھیجے جاتے تھے اور یہ روایت آج کل کی بات نہیں بلکہ بہت پرانی تھی۔ پھر موبائل فونز کا دور آیا اور عید کارڈز کا سلسلہ ختم ہوتے ہوتے بالکل ہی ختم ہو گیا ۔ موبائل فون کے ذریعہ ایس ایم ایس ارسال کرنا عیدالفطر کی مبارکباد دینے کا بڑا ذریعہ بن گیا جس کی بڑی وجہ پاکستان میں موبائل فون صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد ہے۔ آئی ٹی ماہرین کے ایک اندازے کے مطابق اس سال کے آخر تک پاکستان میں سمارٹ فونز کی تعداد 4 کروڑ سے زائد ہو جائے گی۔ تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کی وجہ سے سمارٹ فونز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔ مئی 2016ء تک پاکستان میں تھری جی اور فور جی استعمال کرنے والے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد دو کروڑ سات لاکھ تھی۔ عیدالفطر پر بڑی تعداد میں شہری ایس ایم ایس کے ذریعہ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔