منامہ(آئی این پی )بحرین میں پاکستانی سفیر جاوید ملک اور سفارتخانے کی کوششوں سے بحرین کی حکومت نے عید الفطر کے موقع پر 82پاکستانی قیدیوں کی سزا ئیں ختم کر دیں ۔ تفصیلات کے مطابق بحرین میں تعینات پاکستانی سفیر جاوید ملک اور پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے بحرین کے بادشا ہ حمد بن عیسیٰ ال خلیفہ نے بحرین کی مختلف جیلوں میں قید 82پاکستانیوں کی سزائیں ختم کر دیں ۔ واضح رہے کہ بحرین میں پاکستانی سفیر جاوید ملک نے مئی 2016میں بحرین کی سینٹرل جیل کا دورہ کیا تھا اور جیل میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے جیل اور دیگر متعلقہ حکام سے ان کی سزاؤں کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت کی تھی ۔قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے پاکستانی سفیر جاوید ملک کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ بیرون ملک قید غریب پاکستانیوں کی مشکلات ختم کی جائیں اور ان کو باعزت رہا کروایا جائے ۔ بحرین میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے بحرین وزارت داخلہ نے اہم کردار ادا کیا جس پر ہم ان کے شکرگزارہیں ۔ جاوید ملک کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی کے لئے شاہ حمد بن عیسیٰ ال خلیفہ کے شکر گزار ہیں ۔ پاکستانی قیدیوں کی رہائی ان کے خاندانوں کے لئے خوشیوں کا باعث بنی گی۔ قیدیوں کی رہائی بحرینی حکام اور پاکستان کے بہترین تعلقات کی عکاس ہے ۔