ملتان (این این آئی)مسقط سے کراچی اور پھر ملتان آنے والی پرواز میں اے سی بند ہونے پر خاتون نے احتجاج کرتے ہوئے موبائل سے وڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر خاتون کا عملے سے جھگڑا ہو گیا، تھانے میں درخواست جمع کرانے کے بعد پائلٹ 4 گھنٹے کی تاخیر سے پرواز لے کر کراچی روانہ ہو گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مسقط سے کراچی اور پھر ملتان آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 5801 میں اے سی نا چلنے پر خاتون مسافر نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔عملے کی جانب سے جہاز میں ویڈیو بنانے سے روکنے پر ائیر ہوسٹس کا خاتون سے جھگڑا ہو گیا۔ ملتان میں لینڈنگ کے بعد کپتان کی درخواست پر اے ایس ایف حکام نے جہاز کے اندر سے خاتون کو تین بچوں سمیت حراست میں لے لیا۔ جھگڑے پر اے ایس ایف اور ایف آئی اے حکام نے خاتون کے خلاف کاروائی نہ کی تو کپتان عملے کے ساتھ جہاز چھوڑ کر مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گیا۔ دوسری جانب خاتون نے بھی جہازکے عملے کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست تھانے میں جمع کرا دی ہے۔ مقدمہ درج ہونے کی یقینی دہانی پر کپتان جہاز کو واپس اڑانے کیلئے راضی ہوا اور 4 گھنٹے کی تاخیر کے بعد جہاز کو واپس کراچی کیلئے روانہ کر دیا گیا۔