لاہور( این این آئی)پانامہ لیکس کے معاملے پر عید الفطر کے بعد کسی بھی طرح کی تحریک کے خدوخال طے پانے سے قبل ہی پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے اکٹھے چلنے کے امکانات معدوم نظر آنے لگے ، دونوں جماعتوں خصوصاً پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی اکثریت کسی بھی طرح کی تحریک میں تنہا میدان میں اترنا چاہتی ہے ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی مستقبل میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف اور احتساب کے نام پر چلائی جانے والی تحریک میں اکیلے ہی میدان میں اترنا چاہتی ہے اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت صوبائی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اجلاس میں تحریک کیلئے باضابطہ اعلان کی بجائے پارٹی کی تنظیم سازی کرنے کا اعلان کر دیا گیاجسے سیاسی حلقے تحریک انصاف سے دوررہنے کا ایک طریقہ قرار دے رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں جماعتوں خصوصاً پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی اکثریت کسی بھی طرح کی تحریک میں تنہا میدا ن میں اترنا چاہتی ہے تاکہ موجودہ سسٹم کو کسی بھی طرح کے نقصان کا اندیشہ نہ ہو ۔ ایک اور ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے دونوں جماعتوں میں رکھے جانے والے فاصلے کو محسوس کر رہی ہے اور اسی تناظر میں اسکی طرف سے بھی تنہا تحریک پر جانے کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے۔