لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے عمران خان سے جڑے ہوئے تمام لوگ یوٹرن کے عادی ہو چکے ہیں،پی ٹی آئی میں سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو دیرینہ رہنماؤں اور کارکنوں پر ترجیح دی جارہی ہے ،پی ٹی آئی صرف یہ تبدیلی لے کر آئی ہے کہ اس نے اپنا ’’ ڈی جے ‘‘ تبدیل کر لیا ہے۔ ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن کو پاکستان کی ترقی کا سفر ہضم نہیں ہو رہا اسی لئے بے بنیاد ایشو پر دُ ھول اڑانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ماتم کرنا تحریک انصاف کا ٹریڈ مارک بن گیا ہے اور 2018ء تک یہ اس کے نصیب میں لکھا ہوا ہے ۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف روبصحت ہیں اور وہ انشا اللہ جلد اپنے عوام کے درمیان ہوں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی اور عوام رکاوٹیں ڈالنے والوں سے آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے حساب لے لیں گے۔