اسلام آباد (آئی این پی ) کالا باغ ڈیم پر چیئرمین واپڈا کے بیان اور کالم کے خلاف پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے تحریک التوا جمع کرادی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین واپڈا مینڈیٹ نہ ہونے کے باوجود متنازعہ معاملہ پر تین وفاقی اکائیوں کو چیلنج کررہے ہیں۔ چیئرمین واپڈا کی جانب سے متنازعہ کالا باغ ڈیم کی حمایت میں لکھے گئے کالم اور بیان کے خلاف پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، شازیہ مری، نوید قمر اوراعجاز جاکھرانی نے تحریک التواء اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادی ۔ تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ تین صوبائی اسمبلیاں کالاباغ ڈیم کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہیں، جبکہ چیئرمین واپڈا کے کالم اور بیانات ان کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ چیئرمین واپڈا مینڈیٹ نہ ہونے کے باوجود متنازعہ معاملہ پر تین وفاقی اکائیوں کو چیلنج کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے اس معاملہ کو فی الفور ایوان میں زیر غور لانے کی درخواست کی گئی ہے۔