پشاور(این این آئی) بونیر میں قتل ہونے والے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سردار سورن سنگھ کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی پیکج میں تاخیر پر اقلیتی برادری نے احتجاجی مظاہر ہ کیا، اور حکومت سے سورن سنگھ کے اہل خانہ کو امدادی پیکج فوری دینے کا مطالبہ کیا۔پشاور پریس کلب کے باہر اقلیتی برادری نے سردارسورن سنگھ کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ کو تاحال امدادی پیکج نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے مظاہرین نے صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین کا کہناتھا کہ وزیر اعلی پرویز خٹک کے سابق مشیرمقتول سردار سورن سنگھ کے اہل خانہ کو کئی ماہ گزرجانے کے باوجود امدادی پیکج نہ ملنے پر اقلیتی برادری کے افراد صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اقلیتی برادری کا کہنا تھا کہ سردار سورن سنگھ کے لیے حکومت نے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا تھا ،جسے بعد میں 55 لاکھ روپے کر دیا گیا مگر وہ بھی ابھی تک ادا نہیں کیا گیا جو سردار سورن سنگھ کے خاندان کے ساتھ نا انصافی ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے سردار سورن سنگھ کی قربانی کو اس طرح نظر انداز کرنا پوری اقلیتی برادری کے ساتھ ذیادتی کے مترادف ہے