کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں اور اویس شاہ کے اغوا میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ، سفارش، سیاسی بھرتیوں اور میرٹ نہ ہونے سے سندھ اور پنجاب کی پولیس کو تباہ کردیا گیا ،خیبر پختونخوا میں 5 ہزار پولیس اہلکاروں کو کرپشن پر نکالا گیا، پنجاب میں 70 ہزار پولیس اہلکار پروٹوکول پر ہیں۔کراچی سے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے احتساب کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ لندن میں شریف خاندان کا ساڑھے چھ سو کروڑ روپے کا گھر ہے جس کے ہمارے پاس ثبوت ہیں۔ پاناما لیکس کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے بعد عدالت جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لے کر سڑکوں پر بھی نکلیں۔ اپنی بہن عظمیٰ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لاہور میں پروٹوکول کی گاڑی نے میری بہن کی گاڑی کو ٹکر مارکی اور پولیس اہلکاروں نے بندوقیں تان لیں۔ کون سے ملک میں ایسے ہوتا ہے کہ پروٹوکول والے بندوقیں تان لیں؟۔