میڈرڈ(آئی این پی)اسپین کی پولیس نے انتہاپسندانہ پراپیگنڈہ کرنے کے الزام میں 3پاکستانی بھائیوں کو گرفتار کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کی پولیس نے انتہاپسندانہ پراپیگنڈہ کرنے کے الزام میں 3پاکستانی بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان پر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے انتہا پسندانہ پراپیگنڈہ عام کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ا ن بھائیوں کی عمریں25 اور31 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان تینوں کو صبح ایک چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان تینوں نے سوشل میڈیا پر بہت سے اکانٹس بنا رکھے تھے، جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ اسلامک اسٹیٹ، طالبان اور مختلف پاکستانی انتہا پسند گروپوں کی جانب سے دی گئی موت کی اجتماعی سزاں کی ویڈیوز پوسٹ کیا کرتے تھے اور انہوں نے اپنے نام نہاد جہادی نظریے کو پھیلانے کی کوشش میں فالوورز کا ایک بڑا گروپ بھی اکٹھا کر لیا تھا۔