اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ سے اپنے پروٹوکول گارڈز کی بدتمیزی اور گاڑی ٹکرانے بارے میڈیا رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کو میری لاہور میں موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں،میں جمعرات کو لاہور میں تھی مگر جمعہ کی صبح اسلام آباد آ چکی تھی، گمراہ کن اور بے بنیاد خبریں چلانے والوں کو پہلے حقائق معلوم کرنے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عظمیٰ کی گاڑی سے ٹکرانے والا پروٹوکول مریم نواز کا نہیں بلکہ فریال تالپور کا تھا، ڈاکٹر عظمیٰ سے بدتمیزی فریال تالپور کے گارڈز نے کی۔ فریال تالپور چوہدری عاصم گجر کے گھر تعزیت کیلئے گئیں تھیں، فریال تالپور کے ساتھ آزاد کشمیر کا پروٹوکول چل رہا تھا، فریال تالپور کے ساتھ پروٹوکول کی گاڑیاں بھی آزاد کشمیر کی تھیں۔ دوسری طرف فریال تالپور نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں اسلام آباد میں ہوں، جمعہ کو میری لاہور میں موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں، گمراہ کن اور بے بنیاد خبریں چلانے والوں کو پہلے حقائق معلوم کرنے چاہئیں۔