لاڑکانہ(این این آئی) پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس، عید کے بعد سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن کے 8 اضلاع میں ڈاکوؤں اور دہشتگردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ، اسلحہ اور دیگر سہولیات کے لیے آئی جی کو درخواست کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی لاڑکانہ اور سکھر ڈویڑن کے 8 اضلاع کے ایس ایس پیز، ایس پی سی ٹی ڈیز، ایس پی اسپیشل برانچ و دیگر افسران کا اہم اجلاس ڈی آئی جی آفیس لاڑکانہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ اور ڈی آئی جی سکھر رینج فیروز شاہ نے کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عید کے بعد سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن کے 8 اضلاع میں دہشتگردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، کچے کے 6 علاقوں جن میں بیلو تیگانی شامل ہے میں سرچ آپریشن شروع کیا جائے گا جس کے لیے آئی جی سندھ کو بوٹس، مارٹر گولے، جدید اسلح، لانچر، ایل ایم جی سی گولیاں اور رات کے وقت کام کرنے والی کیمرائیں فراہم کرنے کے لیے درخواست کردی گئی ہے، عید کے فوری بعد یہ کاروائیاں شروع کی جائیں گی۔ اجلاس میں بلوچستان سے لاڑکانہ ڈویڑن میں داخل ہونے والی کالعدم تنظیموں کے کارکنوں اور ان کی جانب سے کی جانے والی کاروائیاں روکنے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ ڈویڑن میں کوئی بھی نو گو ایریا موجود نہیں اور نہ ہی کوئی سرگرم ڈاکوؤں کا گروہ بچا ہے، ڈاکوؤں کے گروہوں کا خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ ان کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے بھی آپریشن کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں کے سہولت کار لاڑکانہ اور سکھر ڈویڑن میں موجود ہوسکتے ہیں جن کو گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔