اسلام آباد (این این آئی) افغان سفیر عمر زاخیل وال نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار اورسرتجا عزیز سے ملاقات کا اہم موضوع تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ تھا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے افغان تجارتی سامان کو واہگہ سرحد کے راستے اٹاری تک لے جانے کی اجازت دینے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ زاخیل وال نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، سرتاج عزیز سے ملاقات کے حوالے سے افغان سفیر نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد تاشقند میں پاک افغان صدور اور دیگر رہنماؤں کی ہونیوالی ملاقاتوں کا تسلسل تھا، انہوں نے کہا کہ تاشقند کی ملاقاتوں میں دو طرفہ معاملات پر مذاکرات کیلئے ایک میکانزم پر اتفاق ہوا تھا ، دریں اثناء افغان سفیر نے اپنی رہائشگاہ پر پشتون رہنماؤں کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، ملاقات کرنیوالوں میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے افراستیاب خٹک ، سابق سفیر ایاز وزیر ، سابق گورنر شوکت خان شامل تھے۔