بیجنگ ( مانیٹر نگ ڈیسک ) بھارت کی نیو کلئیر سپلائی گروپ میں شمولیت کے لیے چین سمیت دس ممالک نے مخالفت کی لیکن بھارتی میڈیا صرف چین کو مورد الزام ٹھہراتا رہا۔چینی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے اس پروپگنڈے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جان لے کہ امریکا پوری دنیا نہیں ہے ، صرف امریکا کی حمایت سے پوری دنیا کی حمایت ممکن نہیں۔بھارت نے نیوکلئیر سپلائی گروپ کا ممبر بننے کے لیے سر توڑ کوشش کی لیکن سب بے کار گئی۔بھارتی میڈیا نے اپنی پرانی روش برقرار رکھی اور این ایس جی میں شامل نہ ہونے کا سارا الزام چین پر دھر دیا۔ کچھ نے تو یہاں تک لکھا کہ این ایس جی کے اڑتالیس ارکان میں چین کے علاوہ تمام 47 ممالک بھارت کے حمایتی ہیں۔بھارتی میڈیا کے اس جھوٹے پراپگنڈے پر چینی میڈیا بھی میدان میں آگیا۔ چین کے سرکاری اخبار اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ امریکا پوری دنیا نہیں ہے ، صرف امریکا کی حمایت کا مطلب یہ نہیں کہ بھارت نے پوری دنیا کی حمایت حاصل کر لی۔چین سمیت 10 ممالک نے بھارت کی اس کوشش کی مخالفت کی تھی۔ چینی میڈیا کے مطابق بھارتی واویلا بلا وجہ ہے ، چین کی کارروائی بین الاقوامی قوانین کے مطابق تھی۔بین الاقوامی سطح پر ملنے والی تعریف و توصیف نے بین الاقوامی معاملات میں بھارت کو قدرے مغرور بنا دیا ہے۔اداریے کے مطابق بھارتی قوم پرستوں کو یہ سیکھنا ہو گا کہ انھیں کیسا سلوک کرنا ہے۔ اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کا ملک اہم طاقت بنے تو یہ جاننا ہو گا کہ اہم طاقتیں اپنا کھیل کس طرح کھیلتی ہیں ۔