اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہاہے کہ کچھ ایسی قوتیں ہیں جو پاک افغان تعلقات کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں ،بارڈر مینجمنٹ مسائل سے نمٹنے کے لیے چیک پوسٹس بنائی جا رہی ہیں ٗافغانستان میں قومی وحدت حکومت کے قیام پر خیر سگالی کا ہاتھ بڑھا یا ہے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی اب ضروری ہے ،ہم نے 30سال افغان مہاجرین کو پنا ہ دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتا پاکستان میں بھی امن نہیں ہو گا ،امن کا قیام صرف ایک فریق کی خواہش پر ممکن نہیں ٗاس کیلئے تمام فریقوں کا تعاون ضروری ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ بھی اقتصادی تعلقات آگے بڑھا رہے ہیں ،چاہ بہار کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہترین ہیں ۔طارق فاطمی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں پاکستان نے ہمیشہ پہل کی تاہم تعلقات تب مضبوط ہو سکتے ہیں جب بھارت بھی معاملے کو آگے بڑھائے ۔