اسلام آباد(این این آئی)افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں خیبر پختونخوا میں افغان مہاجرین کے ساتھ پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے افغان سفیر نے کہا کہ افغان مہاجرین کو تنگ کرنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا افغانی مہاجرین پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے افغان سفیر نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ اسلامی اور انسانی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مہاجرین کے ساتھ اچھا سلوک کریں افغان سفیر نے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے مہاجرین کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر نارضگی کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ اور پولیس کے سربراہ کے ساتھ رابطہ کر کے انہیں افغان مہاجرین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی ہدایت دیں گے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور حالیہ دنوں میں کشیدگی اور بداعتمادی کی فضا کو کسی کے فائدے میں نہ ہونا قرار دیا ۔ ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ ہفتے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات کے دوران کشیدگی کم کرنے اور اعتماد کی بحالی پر بات چیت اور اتفاق مثبت عمل ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے ۔