کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے پیر سے کراچی سمت زیریں سندھ کے بعض علاقوں میں پہلی مون سون بارش کی پیش گوئی کی ہے۔گزشتہ رات 3 برسوں سے قحط سالی کا شکار سندھ کے پسماندہ ترین علاقے تھر میں ابر کرم برسے ہیں تاہم سندھ میں گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے لیکن محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر کو زیریں سندھ اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے چند ایک اضلاع میں پہلی مون سون بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی ، حیدرآباد، میرپور میں اکثر مقامات پر آندھی ، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سکھر ، لاڑکانہ میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اس مرتبہ گزشتہ کئی برسوں کے برعکس کراچی سمیت سندھ میں 20 فیصد تک زائد بارشیں ہوں گی جس کی وجہ سے تھر میں گزشتہ 3 برس سے جاری قحط سالی کا خاتمہ ہوجائے گا۔