اسلام آباد( این این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی (آج) پیر کووزیراعظم نواز شریف سمیت پانچ رفقاء کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے تیار کردہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، کیپٹن (ر)صفدر، اسحاق ڈار اور حمزہ شہباز شریف آرٹیکل 62اور63 پر پورا نہیں اترتے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے بینک ڈیفالٹ سے متعلق سٹیٹ بینک کا خط اور سرکاری دستاویزات کو بھی اس ریفرنس کا حصہ بنایا ہے۔مجوزہ ریفرنس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اہلیہ اور بچوں کے غلط اثاثے ظاہر کئے، انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کی، پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا جو جرم ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ الیکشن 2013میں شریف خاندان ساڑھے 6 ارب کا نادہندہ تھا۔ اسٹیٹ بینک نے بھی کہا تھا کہ یہ نادہندہ ہیں الیکشن نہیں لڑسکتے۔ ریفرنس میں بینک ڈیفالٹ سے متعلق سٹیٹ بینک کا خط بھی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔مجوزہ ریفرنس کے مطابق شریف خاندان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی ہو سکتے ہیں۔ریفرنس میں امپورٹ ایکسپورٹ ایکٹ اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی بھی شامل کی گئی ٗ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل لطیف کھوسہ ریفرنس دائر کرینگے۔سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ریفرنس کے ساتھ تمام ثبوت بھی فراہم کئے جائیں گے اور اسے پیر کے روز الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، اسحاق ڈار، کیپٹن (ر)صفدر اور حمزہ شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 62اور63پر پورا نہیں اترتے۔ ان تمام افراد نے منی لانڈرنگ اور سمگلنگ کے ذریعے پیسہ باہر بھجوایا اور ان پر کسٹم ایکٹ کے علاوہ سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی دفعات بھی لاگو ہوتی ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف بھی الیکشن کمیشن میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے خلاف ریفرنس دائر کر چکی ہے۔