اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں صوبہ پنجاب کے صحت بجٹ بارے حیرت انگیز انکشافات‘ سینئر تجزیہ نگار ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ پنجاب کی آبادی تقریباََ11 کروڑ ہے جب کہ گزشتہ سال پنجاب میں صحت کا جو بجٹ مختص کیا گیا تھا وہ 166 ارب روپے تھا، جس کے حساب سے پنجاب کے رہائشی بچے، بوڑھے، عورتیں اور مرد فی کیس 1500 روپے سالانہ علاج معالجے کی مد میں استعمال کرتے ہیں، ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ یہ رقم تقریباََ 15 ڈالر بن جائیگی جبکہ اس کے برعکس افغانستان 55 ڈالر فی کس، بھارت61 ڈالرفی کس اور امریکہ 10 ہزار ڈالر فی کس صحت کی مد میں خرچ کر رہے ہیں، تجزیہ نگار نے کہا کہ پاکستان میں دل کے ایک مریض کو آپریشن کیلئے ایک سے 3 سال تک کی تاریخ دی جاتی ہے، ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ لاہور کی ایک کروڑ آبادی کیلئے ایمرجنسی میں 24 بیڈ دستیاب ہیں باقی کا علاج معالجہ ویل چیئرز اور زمین پر لٹا کر کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کار ڈیالوجی کا سالانہ بجٹ 2.2 ارب روپے ہے، جبکہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ 162 ارب روپے کا ہے، اگر موازنہ کیا جائے تو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسے 75 ہسپتال سال میں نکالے جا سکتے ہیں، پنجاب کے 36اضلاع ہیں اور اس رقم سے ان 36 اضلاع کے کم از کم دو ہسپتالوں کے اخراجات نکالے جا سکتے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں