ایڈیلیڈ اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اس حقیقت سے دلبرداشتہ نہیں کہ وہ اب تک ورلڈکپمیں بھارت کے خلاف کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔ منگل کوایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں 15 فروری کا مقابلہ دونوں ٹیموں اور دنیا بھر سے اسے دیکھنے کے لیے آنے والوںکے لیے اہم میچ ہے ، ان میں توقعات بہت زیادہ ہیں تاہم ہم پراعتماد اور اتنی صلاحیت رکھتے ہیں کہ کسی بھی ٹیم کو حیران کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں پریشر کو ہینڈل کرنا جانتی ہیں تاہم یہ ورلڈکپ کا پہلا میچ ہے اور دونوں ٹیمیں جیت سے آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ اربوں افراد اس میچ سے لطف اندوز ہوں گے ، ہم انہیں مایوس نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی انجریز اور سعید اجمل کے باہر ہونے کے باوجود کوئی ٹیم پاکستان کو ہلکا نہیں لے گی ۔ ہم کسی بھی اچھے دن ہر ٹیم کو حیران کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ آفریدی نے 1992 کی عالمی چیمپئن ٹیم کو موجودہ اسکواڈ سے زیادہ مضبوط قرار دیا اور کہا کہ اس وقت کی ٹیم سینئرز اور جونیئرز کا امتزاج تھی، آج کی ٹیم میں بھی کچھ باصلاحیت نوجوان شامل ہیں اور ہم ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔