اسلام آباد (نیوزڈیسک) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ عام انتخابات کے لئے بڑی سیاسی جماعتوں نے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند امیدواروں سے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات عید الفطر کے بعد جولائی میں ہوں گے جس کے لئے شیڈول رواں ماں جاری کر دیا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے لئے سب سے پہلے مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدواروں سے انٹرویو مکمل کیے۔ مسلم لیگ (ن) کو ریکارڈ 223 درخواستیں موصول ہوئیں، آزاد کشمیر کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو پارٹی ٹکٹ کے لئے 200کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ تیسری بڑی جماعت کے طور پر مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کو بھی بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، جماعت اسلامی اپنے امیدواروں کی نامزدگی بھی کر چکی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ ابھی باقی ہے، سیاسی جماعتوں کے پارٹی ٹکٹ کے مرحلے میں امیدواروں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا، بڑی سیاسی جماعتوں کو کئی حلقوں میں بڑی تعداد میں امیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس سے پارٹی ٹکٹ کے لئے اہل امیدوار کے انتخاب میں دشواری کا بھی سامنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو لچھراٹ (مظفرآباد)، چڑھوہی، ڈھڈیال، سماہنی، غربی باغ اور جموں 6 سے بڑی تعداد میں امیدواروں کی وجہ سے ٹکٹ کے لئے مشکلات ہیں، پیپلز پارٹی کو راولا کوٹ شہر، مظفر آباد شہر، پلندری سے امیدواروں کے انتخاب میں مشکلات ہیں، تحریک انصاف کو جموں 6، شرقی باغ سمیت دیگر علاقوں سے ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات ہیں، مسلم کانفرنس کو پاچھیوٹ (راولاکوٹ)، شرقی باغ،کھوئی رٹہ، نیلم میں ٹکٹوں کے حوالے سے دشواریاں ہیں تاہم اصل صورتحال ٹکٹوں کے اجراء کے بعد سامنے آئے گی۔