کراچی(نیو زڈیسک) سال 2015 کے دوران پاکستان اورچین کے درمیان تجارتی حجم میں 18.2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورمعیشت کے شعبوں میں تعلقات اورتعاون میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔ یہ بات چین کی وزارت تجارت اور وزارت برائے ایشیائی امور کے ڈائریکٹر ووگاکیانگ نے میڈیا بریفنگ میں بتائی ۔ بریفنگ میں انہوں نے چین کے مختلف ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے دوران پاکستان اورچین کے درمیان تجارت کا حجم 18.93ارب ڈالر رہا جبکہ رواں سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران دو طرفہ تجارت میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تین مہینوں میں دو طرفہ تجارت کا حجم 4.4 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جنوب مشرقی ایشیا اورجنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارت تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ سال 2000 سے لے کر2015 دو طرفہ تجارت کا حجم 100.11 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 1.8 سے لے کر150.8 ارب ڈالر تک کے مختلف معاہدے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک اورچین کے درمیان سیاحت ، تعلیم ، طب، صحت عامہ اورمالیاتی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔