کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے مرکز نائن زیرو کے قریب رینجرز نے ٹارگٹ کلرکاشف ڈیوڈکی نشاندہی پرکارروائی کرکے بھاری تعداد میں تخریب کاری کا سامان اور رینجرز کی جعلی وردیاں برآمد کرلی ہیں۔ایم کیوایم میڈیاسیل کے رہنماواسع جلیل کے مطابق کاشف عرف ڈیوڈکو گزشتہ رات نہیں بلکہ6ماہ قبل کراچی کے بجائے دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق منگل کی علی الصبح عزیز آباد میں متحدہ کے مرکز نائن زیرو کے قریب رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا ۔کارروائی کے دوران رینجرز کی بھاری نفری نے مخصوص گلی کا محاصرہ کرکے رہائشی مکان کی تلاشی لی اور بھاری تعداد میں اسلحہ ، آوان بم اور رینجرز کی وردیاں برآمد کرلی ہیں ۔آپریشن کے بعد رینجرز ونگ کمانڈر کرنل فیصل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر محمد کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں اس کی نشاندہی ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیرو کے قریب واقع مور پارک کے اطراف سرچ آپریشن کیا، اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔ کرنل فیصل نے بتایا کہ کاشف عرف ڈیوڈ کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، ملزم انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ہے۔ ملزم طویل عرصے سے بیرون ملک مفرور تھا تاہم وہ کچھ ہی دن قبل کراچی واپس آیاتھا۔ ملزم کی نشاندہی پرمخصوص گھروں کی تلاشی لی گئی جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ برآمد کئے گئے اسلحے میں کلاشنکوف، ایل ایم جیز، آر پی جیز اور سیکڑوں گولیوں کے علاوہ رینجرز کی وردیاں بھی شامل ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشف گزشتہ رات نہیں 6 ماہ قبل کراچی کے بجائے دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔