معالجین عام طور پر سبز چائے کو وزن کی کمی، دماغ کی چستی، حافظے کی تیزی اور امراض قلب سے بچاؤ کے لئے استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاہم جدید تحقیق کے مطابق اس کا روزمرہ استعمال منہ کے کینسر سے بھی بچاتا ہے۔
امریکا کی پینسلوانیا یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر جوش لمبارٹ کے مطابق سبز چائے میں ’’ایپی گیلاٹوکیچن 3 جیلاٹ‘‘ نامی مرکب پایا جاتا ہے، اس مرکب کو سائنسی زبان میں ’ای جی سی جی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ مرکب انسان میں موجود صحت مند عضلات کو نقصان پہنچائے بغیر منہ کا کینسر بننے والے خلیات کو تباہ کرتے ہیں۔
پروفیسر جوش لمبارٹ کا کہنا تھا کہ کسی بھی خلیے کا سب سے اہم جز اس کا مائٹو کونڈریا ہوتا ہے اور ’ای جی سی جی‘ مائٹو کونڈریا کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے اس خلیے کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اس بات کا پتہ نہیں لگایا جاسکتا کہ ’ای جی سی جی‘ میں ایسی کون سی صلاحیت ہے کہ جس سے یہ مرکب زبان کے کینسر کے خلیات کو ختم کرتا ہے۔