لندن (نیوزڈیسک)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین جائلز کلارک اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔جائلز کلارک پاکستانی کرکٹ کےلئے آئی سی سی کی قائم کردہ ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں ان کے دورے کا مقصد انٹرنیشنل الیون کے دورہ پاکستان کی تفصیلات طے کرنا ہے ¾ یہ دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا حصہ ہے۔انٹرنیشنل الیون کا یہ دورہ اس سال پاکستانی ٹیم کے دور ہ انگلینڈ کے بعد متوقع ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کےلئے کوشاں ہے ¾اگرچہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرچکی ہے تاہم ابھی تک کسی بڑی ٹیم نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی ۔بی بی سی کے مطابق غیرملکی سکیورٹی ماہرین کی ایک ٹیم گزشتہ ماہ خاموشی سے پاکستان آکر سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے کر جاچکی ہے۔ جائلز کلارک اپنے دورے میں انٹرنیشنل الیون کے دورے کی تفصیلات طے کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جن کرکٹرز کو انٹرنیشنل الیون میں دیکھنا چاہتا ہے وہ بڑا معاوضہ طلب کر رہے ہیں اور جائلز کلارک کے اس دورے میں پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں کرکٹرز کے معاوضوں میں کمی کے لیے بھی کہے گا۔