اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بورڈ میں بیٹھے لوگوں کے اندر قومی کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت نہیں،کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلیاں نہ کی گئیں تو پاکستانی ٹیم کے ہارنے کی شرح بڑھتی جائیگی ۔ اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں 1992ء کے ورلڈ کپ کے فاتح مایہ ناز کپتان عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے اندر بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور نئے آنے والے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھانے کی ضرورت ہے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جن میں قومی کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی اہلیت نہیں ہے اور وہ ٹائم پاس کررہے ہیں،ہمیں کھلاڑیوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح شکست پر شکست جارہی تو قومی ٹیم کے ہارنے کی شرح بڑھتی جائے گی اور پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان فرق زیادہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، بھارت کیخلاف انہوں نے اچھی باؤلنگ اور بیٹنگ کرکے اپنے ملک کا نام روشن کیا ۔