اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چہرے کے حسن میں نکھار لانے کیلئے لوگ صدیوں سے ایلو ویرا استعمال کرتے آرہے ہیں۔ عام طور پر ایلوویرا کو سورج کی تمازت سے متاثرہ جلد کو درست حالت میں واپس لانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم حال ہی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق ایلوویرا چہرے کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بیش بہا خزانے سے کسی صورت کم نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حسن کی نگہداشت کیلئے مصنوعات تیار کر نے والی بیشتر کمپنیاں ایلو ویرا استعمال کرتی ہیں۔ علا وہ ازیں ماہرین صحت کی رائے کے مطابق ایلو ویرا کا جلد کی اوپری سطح پر استعمال بہتر ہے تاہم اس کا رس پینے سے صحت پر بڑی حد تک مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق اس پودے میں قدرت نے 200سے زائد ایکٹیو امائنوایسڈز، وٹامنز اور اینٹی آکسی ڈینٹس رکھے ہیں جو ناصرف جلد کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اہم ہیں بلکہ قلبی صحت کیلئے بہترین ہیں۔ماہرین کی جانب سے ایلوویرا کے جلد کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے پانچ فوائد بتائے گئے ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں۔فائدہ نمبر1:ایلوویرا جیل میک اپ صاف کرنے کیلئے بہترین میک اپ ریمور کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس کیلئے آپ کو روئی یا ٹشو اور خالص ایلوویرا جیل درکا ہوگا۔ پس روئی یا ٹشو کو ایلو ویرا جیل میں بھگو کر چہرے کا میک اپ صاف کریں اس کے باقاعدہ استعمال سے جلد جواں ہو گی۔فائدہ نمبر2: 2009 میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 90روز تک ایلوویرا کا رس پینے سے چہرے کی جھریاں غائب ہو جاتی ہیں۔ پی سی اے سکن کی چیف سائنٹیفک آفیسر معروف ڈرماٹالوجسٹ جینفر لنڈر کا کہنا ہے کہ ایلو ویرا کا جوس استعمال کرنے سے جھریوں میں کمی اور چہرے کی جلد کی لچک میں اضافہ ہوتا ہے۔فائدہ نمبر3: ایلوویرا جیل کا استعمال بھنوو¿ں کو اپنی جگہ پر سیٹ رکھنے کیلئے بہترین ہے۔فائدہ نمبر4: اگر ایکنی یا دانوں کی وجہ سے جلد سرخ اور سوزش زدہ ہوجائے تو ایلوویرا جیل کے باقاعدہ استعمال سے سرخی اور سوزش میں آرام ملتا ہے اور جلد تروتازہ ہوجاتی ہے۔فائدہ نمبر5: بہت سے لوگوں کو منہ کے اندرونی مسائل کا سامنا ہوتا ہے ،جیسے اندرونی حصے میں سوجن یا مسوڑھوں سے خون آنا وغیرہ۔ 2014 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ایلو ویرا جیل کو منہ کے اندر لگانے سے منہ کی سوجن اور مسوڑھوں سے خون آنے جیسے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ –