لاہور (نیوز ڈیسک) بھارت کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے ٹیم ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کیلئے بھیجنے کے معاملے پر مشاورت جاری ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر آج شام تک فیصلہ ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے رابطہ کیا جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی عرب میں وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے معاملے پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو بھی بھارت کے سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کی ہدایت کی ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی بھی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ چار بجے ملاقات کریں گے جس دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ ٹی 20 کیلئے بھارت بھیجنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سخت سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس معاملے پر برقرار ڈیڈلاک ختم ہو جائے گا اور پاکستانی حکومت کی جانب سے ٹیم کو بھیجنے سے متعلق مثبت فیصلہ سامنے آنے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ آج کر لیا جائے گا۔