نئی دلی (نیوزڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں مکمل سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور اب پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے کچھ دیر میں فیصلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے بعد اب بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں مکمل سیکیوٹری دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ کی یقین دہانی کے بعد پاکستانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل جائے گی اور وہ آج رات ہی کولکتہ کیلئے روانہ ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھارتی ہم منصب کے بیان کا متن دیکھ کر اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ٹیم کو بھارت بھیجنے سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل راجیو شکلا اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پی سی بی کو لکھے گئے خط میں سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جس پر شہریار خان نے بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ ہی کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کسی اعلیٰ عہدیدار سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرانے کا مطالبہ کیا تھا جو اب پورا ہو گیا ہے اور اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت بھی مل جانے کا قوی امکان ہے۔