اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی طبیعت ناساز ضرور ہے لیکن یہ افواہیں درست نہیں کہ خدانخواستہ انہیں کچھ ہوگیا ہے، ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ الطاف حسین کی صحت کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ میری چڑیا کے مطا بق الطاف حسین کی طبیعت ناساز ہے، ان کی طبیعت ناساز اس لئے ہے کہ ان پر دباﺅ بہت ہے، الطاف حسین اور ایم کیو ایم بہت مشکل حالات سے گزر رہی ہے اس لئے ان پر دباﺅ تو ہوگا، ایم کیو ایم میں سے نئی قیادت کا قیام اور اس کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ کی وجہ سے بھی الطاف حسین کی طبیعت ناساز ہے، جب الطاف حسین کی طبیعت ناساز ہوتی ہے تو وہ کبھی کبھی اپنی دوائیاں لینا بھول جاتے ہیں، حال ہی میں ان کی طبیعت تھوڑی سی خراب ہوئی تھی لیکن یہ افواہیں درست نہیں کہ خدانخواستہ انہیں کچھ ہوگیا ہے، اگر الطاف حسین کی طبیعت تھوڑی سی ناساز ہے تو وہ بہت سے لوگوں کی طبیعت زیادہ ناساز کریں گے بجائے اس کے کہ اپنی طبیعت تھوڑی اور ناساز ہونے دیں۔