نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی وفد دھرم شالا میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے ، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بہادر سنگھکا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے لیے سخت سکیورٹی فراہم کریں گے ، سابق فوجیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تو کارروائی نہیں ہوگی ۔منگل کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی سکیورٹی وفد نے دھرم شالا کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ چار رکنی سکیورٹی وفد وینیوز اور ہوٹلز کا جائزہ لینے کے علاوہ بھارتی حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا انحصار سکیورٹی ٹیم کی کلیئرنس رپورٹ پر ہوگا ۔ دوسری جانب ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بہادر سنگھ کہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ کے لیے سکیورٹی سخت ہوگی تاہم اگر سابق فوجیوں نے مظاہرے کیے تو ایکشن نہیں لیں گے ۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان اور بھارت کا میچ19 مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول ہے ۔