لاہور (نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ اپنے فرائض آزادانہ طریقے سے سر انجام دے رہا ہے اور اسکے اختیارات میں کمی کے حوالے سے کوئی حکمت عملی اختیار نہیں کی جارہی ،قومی اسمبلی میں حقوق نسواں کے حوالے سے کوئی بل زیر غور نہیں ،چارسد ہ جیسے واقعات دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ۔ اپنے حلقہ انتخابات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک افواج کی پشت پر ہے ،دہشتگردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزادانہ فرائض سر انجام دے رہا ہے اس کے اختیارات میں کمی کے حوالے سے کوئی حکمت عملی اختیار نہیں کی جارہی ۔انہوں نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے حقوق نسواں بل کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر ہر جگہ ہو چکی ہے جو اس پر اعتراض کر رہے ہیں وہ کیوں ترامیم لا کر عوام کو قائل نہیں کر رہے ۔ قومی اسمبلی میں حقوق نسواں کے حوالے سے کوئی بل زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر اور ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے اور اس کے لئے کاوشیں جاری ہیں۔ موجودہ حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔ حلقے میں سیوریج کے مسائل ہیں جنہیں مرحلہ وار درست کیا جارہا ہے ۔