دھرم شالا (نیوز ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے مابین ورلڈ ٹی ٹونٹی میں 19مارچ کو دھرم شالا سٹیڈیم میں شیڈول مقابلہ ایک بار پھر خطرات کا شکار نظر آنے ، ایک ہندو انتہاء پسند گروہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس میچ کو منسوخ نہ کیا گیا تو وہ سٹیڈیم کی پچ اکھاڑ دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستا ن اور بھارت کے مابین دھرم شالا میں شیڈول ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے پر ایک پھر ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کا خوف ستانے لگا ہے۔ہماچل پردیش میں کام کرنے والے ایک ہندو انتہاء پسند گروہ اینٹی ٹیررسٹ فرنٹ کے نیشنل صدر وریندر شاندلیا نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کھیلنے دھرم شالا آئی تو ان کے کارندے سٹیڈیم میں گھس کر پچ اکھاڑ دیں گے۔ وریندر کے مطابق میچ کے دوران پاکستانی دہشت گرد سٹیڈیم میں داخل ہوسکتے ہیں اور اگر ہماچل پردیش حکومت نے اس معاملے پر کچھ نہ کیا تو یہ پٹھانکوٹ اور پامپور میں مرنے والے جوانوں کے خون کی بے عزتی کرنے کے مترادف ہوگا۔شاندلیا نے دعوی کیا کہ انہو ں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو خط لکھ کر اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے جب کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلی ہماچل پردیش ویر بہادرا سنگھ اور صوبائی اپوزیشن لیڈر پی کے دھمل سے بھی ملاقات کریں گے۔ وریندر شاندلیا نے دھمکی دی کہ وہ آنے والے دنوں میں اس میچ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔