کابل(نیوز ڈیسک)افغانستان میں امریکا اور نیٹو کے فوجی دستوں کی قیادت امریکی فوج کے جنرل جان ڈبلیو نکلسن نے سنبھال لی۔میڈیارپورٹس کے مطابق 58 سالہ جنرل نکلسن نے ہندوکش کی اس ریاست میں اب امریکا اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے فوجی دستوں کی قیادت سنبھال لی ہے۔لیکن افغانستان میں ملکی اور غیر ملکی فوجی دستے گزشتہ 14 برسوں سے طالبان کی مسلح بغاوت پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی اور نیٹو فوجی دستوں کے مشترکہ مشن کوآپریشن ریزولیوٹ سپورٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، اور اس مشن کی اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کی تقریب بدھ کو کابل میں اسی مشن کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔جنرل نکلسن سے پہلے اس مشن کی قیادت ان کے ہم وطن جنرل جان ایف کیمپ بیل کے پاس تھی۔جنرل کیمپ بیل اس وقت بھی اس مشن کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر تھے، جب 2014ء میں افغانستان میں بین الاقوامی اتحادی دستوں کا جنگی مشن اپنے اختتام کو پہنچا تھا۔امریکا اور نیٹو کے فوجی مشن کی قیادت میں تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل نکلسن نے کہاکہ دشمن کو میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ ہم تمہیں جانتے ہیں۔ تم نے افغان عوام کے لیے صرف مشکلات اور مسائل ہی پیدا کیے ہیں۔