نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر نے حسب معمول زہر افشانی کرتے ہوئے پٹھان کوٹ حملے کاالزام پاکستان پر عائدکردیا،جبکہ اس سے قبل وہ جیش محمد کو پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کا قصوروار قرار دیتے رہے ،بھارتی ٹی وی کے مطابق منگل کو لوک سبھا سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر نے کہاکہ اسلام آباد کی حمایت کے بغیر پٹھان کوٹ حملہ ممکن نہیں تھا،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے غیر ریاستی عناصر یقیناً حملے میں ملوث تھے، یہ عناصر پاکستان سے بغیر ریاستی حمایت کے کیسے کام کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ حملے کی تفصیلی معلومات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گی،خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ہونے والے اس حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ امن مذاکرات معطل ہوگئے تھے۔دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان اجلاس جنوری میں طے ہوا تھا تاہم اب تک نئی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔