ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکارہ سنجے دت اپنی سزا پوری ہو نے کے بعد جمعرات کو جیل سے رہا ہوجائیں گے۔بالی ووڈ اداکار سنجے دت فلم نگری میں منا بھائی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں اور ان کا شمار انڈسٹری کے نامور اداکاروں میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی فلموں کو بے حد پسند کیا جاتا ہے جب کہ فلموں میں ملزمان کو جیل بھیجنے والے سنجو بابا بھی حقیقی زندگی میں جیل میں اپنی سزا پوری کرکے رہا ہونے والے ہیں۔سنجے دت اپنی سزا کی مدت پوری ہونے کے بعد(کل) 25 فروری جمعرات کے روزپونے کی یارواڈا جیل سے رہا ہوجائیں گے جس پر ان کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ دت فیملی کی جانب سے جیل انتظامیہ کو ان کی رہائی کی خوشی میں جیل میں پارٹی کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی جس پر جیل انتظامیہ نے انہیں کوئی بھی تقریب کرنے سے روک دیا ہے۔واضح رہے کہ اداکار سنجے دت 1993 میں ممبئی حملوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں مئی 2013 سے پونے کی یارواڈا جیل میں ساڑھے 3 سال کی قید کاٹ رہے ہیں۔