مظفر گڑھ(نیوز ڈیسک ) رکن قومی اسمبلی کے گارڈ نے بکریاں کھیت میں گھس آنے پر چرواہے کو گولیاں ماردیں جسے شدید زخمی حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک چرواہے کی بکریاں رکن قومی اسمبلی غلام نور ربانی کھر کے کھیت میں گھس گئیں جس پر رکن قومی اسمبلی کے گارڈ ریاض نے طیش میں آکر چرواہے کو پستول سے گولیاں ماردیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی چرواہے کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس نے چرواہے کی مدعیت میں گارڈ ریاض اور دو نامعلوم افراد کیخلاف تھانہ سناواں میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ڈی پی او مظفر گڑھ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی کہ فائرنگ رکن قومی اسمبلی نور ربانی کھر کے حکم پر کی گئی ہو تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہر پہلو کا جائزہ لیا جارہاہے۔دوسری طرف ایم این اے غلام نور ربانی کھر جو کہ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد ہیں کا کہنا ہے کہ ان کے ڈیرے میں مسلح افراد گھس آئے تھے جس پر گارڈ نے فائرنگ کی ۔#/s#