لاہور (نیوز ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر میں احتساب کا عمل تیز کرنے کے لئے عملی اقدامات شروع کر دئیے ،2002ءسے بند اور زیر التوا مقدمات کو دوبارہ کھولنے اور جلد نمٹانے کافیصلہ کرلیا گیا ، ڈی جی اینٹی کرپشن نے افسران اوراہلکاروں کی چھٹیوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کرتے ہوئے محکمہ سروسز سے مزید افرادی قوت بھی مانگ لی ۔ذرائع کے مطابق نیب کو دیکھتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بھی احتساب کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کرپٹ لوگوں کے گرد گھیرا تنگ کر نے کیلئے محکمہ کو مزید فعال کرنے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے 2002ءسے بند اور زیر التوائے مقدمات کی فائلیں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق زیر التواءمقدمات کی تعداد ہزاروں میں ہے اور انہیں جلد نمٹانے کے لئے جہاں افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں تاحکم ثانی بند کر دی گئی ہیں وہیں ڈی جی نے 500اہلکاروںاور200انسپکٹرز رینک کے افسران کی افرادی قوت بھی مانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق مقدمات کو ترجیح بنیادوں پر نمٹانے کیلئے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹرز پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق زیر التواءمقدمات میں ایک سو سے زائد میگا پراجیکٹس کی بے ضابطگیوں کے کیسیز بھی شامل ہیں۔