اسلام آبا(نیوزڈیسک) قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے نیب سے ایک ہفتے میں محکمہ ریلوے میں کرپشن سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔ذرائع کے مطابق نیب حکام نے قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کو 25 لوکو موٹو انجنوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام نے ہمیں یہ کیس ختم کرنے کو کہا ہے جس پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کو کبھی کیس ختم کرنے کا نہیں کہا، تحقیقات میں تاخیر کی اصل وجہ نیب ہے جو 3 سال سے کیس کو دبا کر بیٹھا ہے، کمیٹی کے سامنے نیب کے کسی سینئر افسر کو پیش ہونا چاہیے تھا۔وزیرریلوے نے موقف اختیار کیا کہ چین سے ریلوے کے انجنوں کی خریداری کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ایف آئی اے مارکیٹ سے انجینئر لےکرانجنوں کی خریداری کی تحقیقات کرےگا نیب سے تحقیقات اس لئے نہیں کروارہے کیونکہ نیب پر تحفظات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چین سے خریدے گئے لوکو موٹو سستے انجن ہیں جس کی وجہ سے مسائل آئیں گے تاہم اب ریلوے کو ہدایت کردی ہے کہ اب امریکی یا یورپین کمپنیوں سےانجن خریدے جائیں، محکمہ ریلوے کے پاس اپناریسرچ اورڈیویلپمنٹ کامحکمہ نہیں اور ہم نے انجنوں کی درآمد کا پروفائل بڑھا دیا ہے۔قائمہ کمیٹی نے نیب حکام اور وزیرریلوے کی بریفنگ کے بعد آئندہ اجلاس میں متعلقہ ڈی جیز کو طلب کرتے ہوئے نیب سے ایک ہفتے میں لوکوموٹوانجنوں کے معاملے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔