اسلام آباد(نیوزڈیسک)تمام دباﺅ مسترد،ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف اہم فیصلہ کرلیاگیا،نیب ایگزیکیٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی، ان کیخلاف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ چیئرمین نیب چودھری قمر زمان کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، گیس کی غیر منصفانہ تقسیم اور منی لانڈرنگ پر ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سوئی گیس کمپنی اور او جی ڈی سی ایل کے ٹھیکوں میں بے قاعدگی کے ذریعے قومی خزانے کو دس ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر ڈاکٹر عاصم کے خلاف نئی تفتیش کی بھی منظوری دے دی۔ایگزیکٹو بورڈ نے رکن پنجاب اسمبلی سردار آصف نکئی، این ایچ اے کے افسر اشفاق جمانی اور سندھ ریونیو بورڈ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی۔