میونخ(نیوز ڈیسک) وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کردار کو سراہا ہے ،سرکاری تعلیمی اداروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، پرائیویٹ سکولوں والے اپنی حفاظت خود کریں ۔جرمن شہر میونخ میں جاری سیکورٹی کانفرنس میں شریک وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے،پرائیویٹ اسکول کاروبار کر رہے ہیں، اسکولوں کی حفاظت کا بندوبست خود کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کرچکا ہے اور پاک افواج سمیت تمام سکیورٹی ادارے اس جنگ میں ہر قسم کی قربانیاں دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو بڑی حد تک ختم کردیا ہے اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انٹیلی جنس نظام بہت مضبوط ہے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑنے کیلئے متعدد خفیہ آپریشن جاری ہیں ، پاک افواج ، حکومت اور محب وطن عوام ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔