اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک تک ٹرانزٹ ٹریڈ رسائی حاصل کرنے کیلئے افغانستان پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وسط ایشیا تک رسائی کیلئے 3 متبادل آپشن تیار کرلیے ہیں۔وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاک افغان تاجک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں بھارت کوشامل کرنے کی شرط نے اس معاہدے کا مستقبل غیر یقینی صورت حال سے دوچار کردیا ہے، اس لیے اب پاکستان نے وسط ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک رسائی کیلئے افغانستان پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں 3 متبادل آپشن تیار کرلیے ہیں۔پہلے آپشن کے تحت پاکستان قراقرم ہائی وے کے ذریعے چین اور کرغزستان کے راستے دیگر وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، اس کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پہلے سے موجود پاک چین کرغزستان قازقستان معاہدے کو فعال بناکر بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔دوسرے آپشن کے تحت پاکستان تہران پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کے باعث ایران کے ریل اور روڈ نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے ترکمانستان اور دیگر وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، تیسرے آپشن کے تحت پاکستان واخان سرحد کے ذریعے چترال سے تاجکستان کے شہر اشکاشیم کو سڑک کے ذریعے ملاسکتا ہے