کراچی (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی نے ایل این جی معاہدے میں حکومت پر کرپشن کے الزامات لگادیئے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ایل این جی معاہدہ میں بھاری کرپشن کی گئی ہے۔ وزیراعظم سمیت اہم وزراءایل این جی کرپشن میں ملوث ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر پندرہ سالہ ایل این جی عذاب مسلط کردیا ہے۔ ایل این جی پاک ایران گیس پائپ لائن سے بھی مہنگی ہے۔ ایران سے گیس کی قیمت 5.8 ڈالر ایم بی یو ڈالر ہے جبکہ قطر سے ایل این جی کی قیمت 6.25 ڈالر ایم بی ٹی یو ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ایل این جی کی درآمد پر پورٹ کے اخراجات عوام سے وصول کئے جائیں گے۔ مائع گیس کو گیس میں تبدیل کرنے کے اخراجات کا بوجھ بھی عوام کے کندھوں پر ڈالے جائیں گے۔ سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ وزیراعظم سمیت اہم وزراءایل این جی کرپشن میں ملوث ہیں۔ تحقیقاتی ادارے ایل این جی اسکینڈل کا نوٹس لیں۔