اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزارت داخلہ میں اہم افسران کی تبدیلی کی گئی ہے، عارف خان وزارت داخلہ کے سیکریٹری مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ایک ماہ قبل کراچی کے کمشنر کے عہدے سے ہٹائے جانے والے شعیب احمد صدیقی کو خصوصی سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔عارف احمد خان قبل ازیں موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے سیکریٹری تھے۔وزارت داخلہ کے سیکریٹری شاہد خان کو سیکریٹری ایوان صدر مقرر کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے تعیناتیوں کی منظوری دی۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سخت رویئے کے باعث گریڈ 22 کے 3 سینئر سرکاری افسران نے سیکریٹری داخلہ کا منصب سنبھالنے سے معذرت کی البتہ وفاقی حکومت نے عارف احمد خان کو سیکریٹری داخلہ اور شعیب صدیقی کو خصوصی سیکریٹری داخلہ بنانے کی منظوری دی۔سیکریٹری داخلہ شاہد خان کے ایوان صدر میں تبادلہ کے بعد ان کے جانشین کے لیے 3 نام تجویز کئے گئے تھے جن میں فضل عباس، شہزاد ارباب اور عارف احمد خان کے نام شامل تھے۔ذرائع کا دعویٰ تھا کہ تینوں افسران نے ذمہ داری لینے سے معذرت کرلی تھی تاہم حکومت نے عارف احمد خان کو سیکریٹری داخلہ مقرر کر دیا۔عارف احمد خان قبل ازیں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رہ چکے ہیں.وزارت داخلہ کے مقرر کیے گئے اسپیشل سیکریٹری شعیب احمد صدیقی کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ایک ماہ قبل 5 جنوری کو کراچی کے کمشنر کے عہدے سے ہٹایا تھا۔