واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس پر زور ڈالا ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کا اطلاق کرے کیوں کہ اس کی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد جانیں گنوا چکی ہے اور اس عمل کو روکنا ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کیری نے یورپ کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس نے مجھے بہت واضح طور پر اشارہ دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لئے تیار ہے۔ ایرانیوں نے بھی لندن میں مجھے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی جنگ بندی کی حمایت کریں گے۔کیری کا مزید کہنا تھا کہ “ہمیں ہر فریق کی سنجیدگی کا اندازہ آںے والے دنوں میں ہوگا۔اس سے پہلے کیری نے روس پر الزام لگایا تھا کہ اس نے شام کی حزب اختلاف پر بمباری کی ہے تاکہ جنیوا مذاکرات کو ناکام بنایا جائے۔کیری نے روسی فوج پر بے ربط بم استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بم نشانے پر نہیں لگتے اور خواتین اور بچوں سمیت بڑِی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت کا باعث بنتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ روسی جہاز ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ پہلی بمباری کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں۔کیری کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کو اب روکنا ہوگا۔ روسیوں نے جنگ بندی کے اطلاق کے حوالے سے کچھ مثبت خیالات دئیے ہیں مگر اگر یہ خیالات صرف مذاکرات کی حد تک محدود رہیں گے تو کوئی بھی ان کو تسلیم نہیں کرے گا۔